ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ کے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن قوانین میں دی گئی چھوٹ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے جتایا اعتراض

کیرالہ کے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن قوانین میں دی گئی چھوٹ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے جتایا اعتراض

Mon, 20 Apr 2020 22:22:58    S.O. News Service

تھیرواننتا پورم،20؍اپریل (ایس او نیوز) کیرالہ کی ریاستی حکومت نے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن قوانین میں 20اپریل سے چھوٹ دینے کا جو اعلان کیا ہے، اس پر مرکزی وزارت داخلہ نے اعتراض جتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چھوٹ اس کی طرف سے 15اپریل کو جاری کیے گئے حکم نامے کے منافی ہے۔

حکومت کیرالہ نے کورونا وائرس سے شدید طورپر متاثرہ علاقوں کو چھوڑ کر بقیہ مقامات پر مقامی کارخانوں، حجام کی دکانوں، ریستوراں کو کھولنے کی اجازت دینے علاوہ چار پہیہ گاڑیوں میں پچھلی سیٹ پر دو لوگ اور موٹر بائکس، اسکوٹرس پر دو افراد کی سوار ی کے لئے چھوٹ دیدی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے15اپریل کو جو رہنما اصول بتائے گئے ہیں، اس کے تحت ان سرگرمیوں پر3مئی تک پابندی لاگو رہنے کی بات کہی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت کیرالہ نے جن اضافی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے اس میں کتابوں کی دکانیں،میونسپل حدود کے اندر مائکرو، اسمال اورمیڈیم انٹرپرائزاور شہر کے اندر چھوٹے فاصلوں کے لئے بس سروس بھی شامل ہے۔

مرکزی حکومت کی طرف سے کیرالہ حکومت کے اس اقدام کو نامنظور کرتے ہوئے ایک مراسلہ ریاستی چیف سیکریٹری ٹام جوز کے نام بھیجا گیا ہے۔ اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی وزیر کڈمپلّی سریندرن نے کہا کہ ”ہم نے مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کے دائرے میں ہی چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ غلط فہمی کی وجہ سے مرکزی حکومت نے اس کی وضاحت طلب کی ہوگی۔جب ایک مرتبہ ہماری طرف سے وضاحت بھیج دی جائے گی، یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ہم نے مرکز ی حکومت کے تمام اصولوں کی پابندی کی ہے۔“

خیال رہے کہ وزیراعظم نریندرا مودی نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن علاقوں کو ’کنٹینمنٹ زونس‘ کے زمرے میں نہیں رکھا گیا ہوگا وہاں پر 20پریل سے قوانین میں کچھ چھوٹ دی جائے گی۔مگر کہیں بھی لاک ڈاؤن کو ختم نہیں کیا جائے گا۔

حکومت کیرالہ نے ریاست کو کورونا کی شدت کے مطابق مختلف زونس میں تقسیم کردیا ہے اور ضلع کاسرگوڈ، کوزیکوڈ، کنور او رملپورم کو ’ریڈ زون‘ کے زمرے میں رکھا ہے۔ ان علاقوں میں 3مئی تک لاک ڈاؤن قوانین میں کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔جبکہ ہاٹ اسپاٹ کے زمرے میں رکھے گئے مقاما ت پر اشیائے ضروریہ پہنچانے کے لئے داخل ہونے او ر باہر نکلنے کے دو راستے کھول دئے جائیں گے۔


Share: